مظفرآباد / کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیرکے علاقے کھتیلی گاؤں میں جاری ترقیاتی منصوبہ بدترین بدانتظامی، ٹھیکیدار کی ناقص کنٹریکٹنگ اور مشین آپریٹر کی مجرمانہ غفلت کے باعث ایک خطرناک حادثے کا سبب بن گیا۔
حادثہ اُس وقت پیش آیا جب سڑک/منصوبہ جاتی کام کے دوران مین روڈ کے درمیان میں کھڈا کھود کر چھوڑ دیا گیااور نہ تو کسی قسم کے حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اور نہ ہی عوام کو خبردار کرنے کے لیے وارننگ سائنز یا بیریئرز نصب کیے گئے، جو متعلقہ اداروں کی مکمل ناکامی اور لاپرواہی کا واضح ثبوت ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق منصوبے پر تعینات مشین آپریٹر نے نہ صرف حفاظتی اصولوں کو پاؤں تلے روند ڈالا بلکہ بھاری مشینری کا غیر ذمہ دارانہ استعمال کرتے ہوئے عوامی جانوں کو کھلے عام خطرے میں ڈال دیا۔
ناقص منصوبہ بندی اور غیر معیاری کام کے باعث سڑک کا ایک حصہ انتہائی خطرناک صورت اختیار کر چکا تھا، جس کے نتیجے میں وہاں سے گزرنے والی گاڑی اچانک خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔
حادثے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کارروائیاں انجام دیں۔
متاثرہ گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ محض خوش قسمتی سے قیمتی انسانی جانیں محفوظ رہیں، تاہم یہ واقعہ کسی بڑے سانحے میں بھی تبدیل ہو سکتا تھا۔
اہلِ علاقہ نے شدید غصے اور نفرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹھیکیدار کو مکمل طور پر کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، جبکہ متعلقہ محکمہ محض خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ نہ حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن، نااہلی اور لاپرواہی معمول بن چکی ہے ۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار ٹھیکیدار اور غفلت کے مرتکب مشین آپریٹر کے خلاف فوری، سخت اور مثالی قانونی کارروائی کی جائے، ایسے غفلت برتنے والے ٹھیکیدار اور مشین آپریٹر کے خلاف کاروائی جائے تا کہ مستقبل میں ایسے جان لیوا منصوبوں پر حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہ کی جائے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر اس تلخ حقیقت کو بے نقاب کرتا ہے کہ یہاں ترقی کے نام پر ناقص منصوبے مسلط کر کے انسانی جانوں کو داؤ پر لگایا جا رہا ہے، اور جوابدہی کے بغیر لاپرواہی کا یہ سلسلہ کسی بھی وقت ایک بڑے سانحے کو جنم دے سکتا ہے۔
علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹھکیدارمتاثرہ خاندان کو گاڑی کا جتنا نقصان ہوا اس کا ازلہ کرتے ہوئے گاڑی کو مکمل تیار کروا کر حوالے کرے بصورت دیگر ٹھیکدار کےخلاف اہل علاقہ کی مدعیت میں ایف آئی آر کا اندراج کروایا جائے گا۔
Share this content:


