امریکہ کا غزہ امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا اعلان

امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیو وِٹکوف نے ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں ایک ٹیکنوکریٹک فلسطینی حکومت قائم کی جائے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت، حماس اور اسرائیل نے گذشتہ سال اکتوبر میں جنگ بندی کے ساتھ ساتھ یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے، غزہ سے اسرائیل کے جزوی انخلا، اور انسانی امداد میں اضافے پر اتفاق کیا تھا۔

وٹکوف کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں غزہ کی تعمیر نو اور اسے مکمل طور پر غیر فوجی علاقہ بنانے کا ہدف بھی شامل ہے۔ اس مرحلے میں حماس اور دیگر فلسطینی گروپوں کو غیر مسلح کرنا بھی شامل ہے۔

سٹیو وٹکوف کا کہنا ہے کہ امریکہ کو توقع ہے کہ حماس آخری اسرائیلی یرغمال کی لاش کی واپسی سمیت اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرے گا۔ انھوں نے خبردار کیا کہ ’ایسا کرنے میں ناکامی کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔‘

Share this content: