حماس نے کہا ہے کہ اس کے عسکری ونگ کے ایک سینئر کمانڈر جمعرات کو وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں اسرائیلی فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے۔ ان حملوں میں مجموعی طور پر 10 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اسرائیلی فوج نے تاحال اس واقعے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ حماس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں محمد الحولی شامل ہیں، جو دیر البلح میں عسکری ونگ کے کمانڈر تھے۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اسلامی جہاد کے عسکری ونگ ’القدس بریگیڈز‘ کے کمانڈر اشرف الخطیب بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔
حماس نے الحولی خاندان کے گھر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ اسرائیل معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا، بلکہ اسے کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ غزہ کے عوام کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کی جا سکے۔
فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک 16 سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ اکتوبر سے نافذ جنگ بندی کے بعد اب تک 400 سے زائد فلسطینی اور تین اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیل نے غزہ کے نصف سے زیادہ علاقے میں عمارتیں مسمار کر کے لوگوں کو بے گھر کر دیا ہے، جہاں اب 20 لاکھ سے زائد افراد عارضی پناہ گاہوں یا تباہ شدہ عمارتوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے منگل کو بتایا کہ جنگ بندی کے بعد سے غزہ میں 100 سے زیادہ بچے ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے بعض ڈرون حملوں کا نشانہ بنے۔
Share this content:


