پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر چترال میں ایک مکان پر برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے افراد ملبے تل دب گئے تھے جن میں سے 9 افراد ہلاک جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا ہے۔
یہ واقعہ چترال کے علاقے دروش ارندو میں دمیل کے مقام پر پیش آیا۔
لوئر چترال کے ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم نے بی بی سی اردو کو بتایا ہے کہ ’آج یعنی جمعہ کو بعد دوپہر شدید برف باری کی وجہ سے مقامی رہائشی باچا گل کے مکان پر برفانی تودہ گرا۔‘
اُن کے مطابق ’اس مکان میں موجود افراد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد موجود تھے۔ گھر پر تودہ گرنے کی وجہ سے ان میں سے نو افراد ہلاک ہو گئے جن کی لاشیں ایک مُشکل ریسکیو آپریشن کے بعد نکال لی گئیں تاہم ایک بچی کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔‘
وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے چترال میں برفانی تودہ گرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ وفاقی ریسکیو و ریلیف اداروں کو صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون سے امدادی کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔.
چترال سے ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق ’اس حادثے میں چار خواتین سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شدید برف باری کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا۔
وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ضلع لوئر چترال کے علاقے دمیل ارندو میں برفانی تودہ گرنے کے افسوسناک واقعہ اور اس میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ریسکیو اور امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے اور برف باری سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی فوری بحالی کے لیے اضافی مشینری اور عملہ تعینات کیا جائے۔
انھوں نے قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے (پی ڈی ایم اے)، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور ہنگامی اقدامات ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
Share this content:


