پاکستان کے مختلف شہروں میں آج ’یوم القدس‘ کے حوالے سے مذہبی جماعتوں کی جانب سے ریلیوں اور اجتماعات کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ اس موقع پر سیکیورٹی کے پیش نظرمختلف شاہراہوں کو بند کیا گیا ہے اور متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کیے ہیں۔
یاد رہے کہ ہر سال مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کا آخری جمعہ یوم القدس کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے منعقد کیے جاتے ہیں۔
یوم القدس کی مناسبت سے پاکستان کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے فلسطین کے حق میں ریلیاں نکالنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
یوم القدس کی حساسیت کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام تعلیمی اداروں میں بھی آج چھٹی دی گئی ہے۔
کراچی میں بھی آج یوم القدس کی ریلیوں کا اعلان کیا گیا ہے جس کے باعث کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
یوم القدس کے موقع پر اسلام آباد کے ریڈ زون کو جانے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کو کھلا رکھا گیا ہے تاہم وہاں موجود سکیورٹی چیک پوسٹس پر معمول سے زیادہ نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ وہاں جانے والے دیگر راستے کنٹینر لگا کر سیل کر دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں ریڈ زون جانے والے راستوں پر جا بجا کنٹینرز کھڑے کر دیے ہیں جبکہ ریلی کے راستوں پر بھی ٹریفک کے لیے متبادل روٹس فراہم کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے اعلامیے میں درخواست کی گئی ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستوں کا استعمال کریں۔
دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا ہے کہ آج نماز جمعہ کے اجتماعات اور یوم القدس کے جلوسوں کے سلسلے میں شہر بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق’ نماز جمعہ کے اجتماعات اور یوم القدس کے جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے اسلام آباد پولیس کے 3500 سے زائد اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ فیصل مسجد سمیت تمام مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔‘
Share this content:


