مقبول بٹ کے 42 ویں یومِ شہادت پر مختلف شہروں میں ریلیاں، آزادی کا مطالبہ

مظفرآباد/ کاشگل نیوز

پاکستان کے زیرِ انتظام جموں کشمیر میں مقبول بٹ کے 42ویں یومِ شہادت کے موقع پر قوم پرست اور آزادی پسند جماعتوں کی جانب سے مختلف تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

شرکاء نے مقبول بٹ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جموں کشمیر کی آزادی اور خودمختاری کے حق میں نعرے بلند کیے۔

ضلع پونچھ میں آزادی پسند اتحاد کے زیرِ اہتمام ڈسٹرکٹ پونچھ کالج گراؤنڈ سے ایک ریلی نکالی گئی، جس نے شہر کے مختلف راستوں کا چکر لگایا۔

ریلی میں شریک کارکنان سرخ پرچم اٹھائے ہوئے تھے اور مقبول بٹ کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کر رہے تھے۔

اسی طرح دارالحکومت مظفرآباد میں بھی آزادی پسند اتحاد کی جانب سے آزادی چوک سے اپر اڈا لال چوک تک ریلی نکالی گئی۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبول بٹ کی جدوجہد کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی علامت ہے، اور ان کے نظریات کو آگے بڑھانا وقت کی ضرورت ہے۔

آزادی پسند اتحاد کے مشترکہ طور پر منعقدہ ان پروگرامز میں جموں کشمیر کو بھارتی اور پاکستانی تسلط سے نجات دلانے اور ایک خودمختار ریاست کے قیام کے لیے مستقبل کی حکمتِ عملی اور روڈ میپ پر بھی بحث مباحثہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ آزادی پسند اتحاد گزشتہ دو برس سے مقبول بٹ کے یومِ شہادت پر مشترکہ پروگرام ترتیب دیتا آ رہا ہے، جبکہ فروری کے مہینے کو پاکستان زیرِ انتظام کشمیر میں "ماہِ مقبول” کے طور پر منایا جاتا ہے، جس دوران مختلف تقاریب اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ مقبول بٹ شہید نہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے حامی تھے، نہ بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے۔ان کا نظریہ ایک مکمل، خودمختار اور متحد آزاد کشمیر تھا۔

Share this content: