یوکرین کے سابق وزیر توانائی ملک سے فرار ہوتے ہوئے گرفتار

حکام کے مطابق یوکرین کے سابق وزیر توانائی جرمن گالاشوچینکو کو ملک چھوڑنے کی کوشش کے دوران حراست میں لے لیا گیا ہے۔

گذشتہ سال بد عنوانی کے ایک سکینڈل میں نام آنے کے بعد گالاشوچینکو ان کے عہدے سے ہٹا گیا گیا تھا۔ مبینہ طور پر وہ ایک ٹرین کے ذریعے یوکرین سے فرار ہو رہے تھے جب گرفتار کیے گئے۔ یہ واضح نہیں کہ وہ جانا کہاں چاہتے تھے۔

نومبر میں گالاشوچینکو اور دیگر سرکاری شخصیات پر 10 کروڑ ڈالرز (ساڑھے سات کروڑ پاؤنڈ) کی مبینہ خردبرد میں ملوث ہونے کا الزام لگا تھا۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی بد عنوانی مکمل طور پر ختم کرنے کے وعدے پر اقتدار میں آئے تھے اور اس سکینڈل کی وجہ سے ان کی حکومت شدید دباؤ میں تھی۔

زیلنسکی کے چیف آف اسٹاف آندرے یرماک اپنے گھر کی تلاشی کے بعد استعفیٰ دے چکے ہیں۔ صدر زیلنسکی اور آندرے یرماک پر کسی قسم کی غلط کاری کا الزام عائد نہیں کیا گیا ہے۔

تاہم اس سکینڈل کے بعد امریکہ نے یوکرین میں انتخابات کرانے کے لیے دباؤ بڑھا دیا ہے۔ سنہ 2022 میں جنگ کے آغاز کے بعد یوکرین کے آئینی ضوابط کے تحت ملک میں انتخابات معطل کر دیے گئے تھے۔

یوکرین کے انسداد بد عنوانی بیورو (نابو) نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا کہ اس کے تفتیش کاروں نے سابق وزیر توانائی کو ’ریاستی سرحد عبور کرتے ہوئے‘ حراست میں لیا ہے۔ نابو کے مطابق یہ گرفتاری میڈاس کیس کا حصہ ہے۔

نابو کے بیان میں گالاشوچینکو کا نام واضح طور پر نہیں لیا گیا لیکن یوکرین کے کئی نمایاں میڈیا اداروں نے ان کی شناخت کی ہے۔

گالاشوچینکو مختصر وقت کے لیے وزیر انصاف بھی رہ چکے ہیں، پھر نومبر میں صدر زیلنسکی نے انھیں مسعتعفی ہونے کا حکم دیا تھا۔ اس سے قبل وہ تین سال تک وزیر توانائی رہے۔ ان کی جانشین سویتلانا ہرنچک نے بھی اسکینڈل میں نام آنے کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔

نابو اور یوکرین میں خصوصی انسداد بد عنوانی پراسیکیوٹرز آفس (ایس اے پی) کے مطابق 15 ماہ کی تحقیقات کے بعد انسداد بد عنوانی کا ایک بڑا آپریشن کیا گیا، جسے آپریشن میڈاس کا نام دیا گیا۔

نابو اور ایس اے پی نے کئی افراد پر الزام لگایا کہ انھوں نے یوکرین کے توانائی کے شعبے اور قومی جوہری ادارے انرگوایٹم سے رقوم کی خردبرد کا منصوبہ بنایا۔

گالاشوچینکو ان افراد میں شامل تھے جن پر الزام ہے کہ انھوں نے انرگوایٹم کے ٹھیکیداروں سے کمیشن وصول کیا، جو معاہدوں کی مالیت کے 10 سے 15 فیصد کے برابر تھا۔

انسداد بدعنوانی اداروں نے یہ بھی کہا کہ اس منصوبے میں بھاری رقوم کی منی لانڈرنگ کی گئی۔ انھوں نے نقدی سے بھرے بیگوں کی تصاویر بھی جاری کیں۔ نابو کے مطابق یہ رقوم بعد ازاں یوکرین سے باہر روس اور دیگر ممالک میں منتقل کی گئی۔

اس سے پہلے گالاشوچینکو نے کہا تھا کہ وہ الزامات کے خلاف اپنا دفاع کریں گے۔

Share this content: