اسلام آباد / کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر میں پولیس کے اعلیٰ افسران اور حکومت کے درمیان انتظامی معاملات پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جموں و کشمیر پولیس کے چھ ڈپٹی انسپکٹر جنرلز (ڈی آئی جیز) نے وزیر اعظم جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور سے اہم ملاقات کی، جس میں محکمہ پولیس کی نئی قیادت سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ڈی آئی جیز کا مؤقف تھا کہ حال ہی میں تعینات ہونے والے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سروس کے اعتبار سے ان سے تقریباً دس سال جونیئر ہیں۔
افسران نے اس صورتحال کو سروس اسٹرکچر اور روایتی سینیارٹی اصولوں کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے محکمہ کے اندر پیشہ ورانہ ہم آہنگی متاثر ہو سکتی ہے۔
ڈی آئی جیز نے وزیراعظم جموں و کشمیر کو آگاہ کیا کہ سینیارٹی کے اصول کو نظرانداز کرنے سے فورس کے مورال پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک جونیئر افسر کے ماتحت کام کرنے کو مناسب نہیں سمجھتے، لہٰذا اس معاملے پر نظرثانی کی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے افسران کے مؤقف کو تحمل سے سنا اور یقین دہانی کروائی کہ معاملے کا جائزہ لے کر آئینی و قانونی تقاضوں کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ محکمہ پولیس میں نظم و ضبط اور عوامی خدمت اولین ترجیح ہے، اس لیے کسی بھی تنازع کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے گا۔
دوسری جانب سرکاری سطح پر اس ملاقات کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا، تاہم باخبر حلقے اس پیش رفت کو جموں و کشمیر پولیس میں اہم انتظامی تبدیلیوں سے جوڑ رہے ہیں۔
مزید پیش رفت پر نظریں مرکوز ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند روز میں اس معاملے پر واضح حکومتی مؤقف سامنے آسکتا ہے۔
Share this content:


