پاکستان کے زیرِ انتظام جموں کشمیر کے ضلع حویلی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں تحصیل فارورڈ کہوٹہ کے گاؤں کیرنی سے تعلق رکھنے والے نوجوان رفاقت گجر کو نامعلوم افراد نے بےدردی سے قتل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق رفاقت گجر کو افطاری سے کچھ دیر قبل ایک فون کال موصول ہوئی، جس کے بعد وہ گھر سے باہر نکلے۔ اہلِ خانہ کے مطابق وہ افطاری کے وقت تک واپس نہ لوٹے، جس پر تشویش کے باعث ان کی تلاش شروع کی گئی۔ بعد ازاں ان کی نعش مشتبہ حالت میں برآمد ہوئی، جس سے واضح طور پر قتل کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واقعے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پورے علاقے میں پھیل گئی، جس کے بعد فضا سوگوار ہو گئی۔
اہلِ علاقہ نے واقعے پر شدید رنج و غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اندوہناک قتل کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دی جائے۔
پولیس کے مطابق نعش کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ضلعی ہیڈ کوارٹر کہوٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کا باضابطہ نوٹس لیتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام ممکنہ وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، اور جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔
مزید تفصیلات تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔
Share this content:


