پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کے کور ممبر مجتبیٰ فاروق کو بیرون ملک سفر کے دوران آف لوڈ کر کے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مجتبیٰ فاروق بیرون ملک روانگی کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھے کہ ایف آئی اےحکام نے انہیں جہاز میں سوار ہونے سے روک دیا اور بعد ازاں حراست میں لے لیا۔
تاہم انہیں آف لوڈ کرنے اور حراست میں لینے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔
دوسری جانب جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آج ساڑھے تین بجے آن لائن ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر سے بیرون ملک سفر کرنے والے شہریوں کو مختلف مواقع پر سخت مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس پر شہری حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
شہریوں اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کی واضح وجوہات اور قانونی حیثیت سامنے لائی جانی چاہیے تاکہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی دور ہو سکے۔
Share this content:


