کھرمنگ: عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

گلگت/ کاشگل نیوز

عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے رہنماؤں کی غیر قانونی گرفتاریوں کے خلاف کھرمنگ بلتستان میں القدس ریلی سے احتجاجی سلسلے کا بھرپور طریقے سے آغاز ہوا ہے۔

یومِ القدس کی ریلی میں عوامی ایکشن کمیٹی کھرمنگ کے صدر شبیر مایار اور ریلی کے شرکا کا عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے چیئرمین احسان علی ایڈووکیٹ سمیت دیگر رہنماؤں کی گرفتاری اور ان کے خلاف اے ٹی اے کے تحت من گھڑت ایف آئی آرز کے اندراج کی شدید الفاظ میں مذمت اور عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے رہنماؤں کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین کا کہناتھا کہ یوم القدس کے دن ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ ارض فلسطین سے لیکر ارض شمال تک غاصبوں کے خلاف جدو جہد ہماری ذمہ داری ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے لیڈران کو گرفتار کرنے کے لیے بہانے کے طور پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے ایک افتار پارٹی کے دوران عوام کو اکسانے کی سازش کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ افتار پارٹی میں عوامی وسائل کی حفاظت اور حالیہ دنوں کے جلاؤ گھیراؤ کے دوران قتل کیے گئے نوجوانوں کے لیے انصاف کی خاطر پُرامن احتجاجی تحریک چلانے کے حوالے سے گفتگو ہوئی تھی جسکو ATA کے زمرے میں ڈال کر حکومت پیغام دے رہی ہے کہ واقعی انصاف کا حصول حکمرانوں کے لیے خطرے کی نشانی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اظہارِ رائے اور پُرامن احتجاج کے حقوق کو ATA کے کالے قانون کے ذریعے غصب کرنا انتہائی تشویش ناک ہے۔

یاد رہے کہ پچھلے سال عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں و کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف گلگت بلتستان و پاکستان سمیت کئی ممالک میں بھرپور احتجاج ریکارڈ ہوئے تھے جس کے نتیجے میں حکومت ان کو رہا کرنے پر مجبور ہوئی تھی۔ اگر رہنماؤں کو فل فور رہا نہ کیا گیا تو ایک بار پھر بھر پور احتجاجی سلسہ جاری رہے گا۔

Share this content: