پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں واقع خوبصورت سیاحتی مقام گنگا چوٹی عید کے دوسرے روز سیاحوں کی غیر معمولی توجہ کا مرکز بنا رہا، جہاں ہزاروں افراد نے قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے رخ کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق عید کے دوسرے روز تقریباً سات ہزار سیاح گنگا چوٹی پہنچے، جن میں لگ بھگ سات سو گاڑیاں اور گیارہ سو کے قریب موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے اس پہاڑی مقام کا انتخاب کیا، جس کے باعث علاقے میں غیر معمولی گہما گہمی دیکھنے میں آئی۔
تاہم عید کے تیسرے روز موسم نے صورتحال بدل دی۔ بارش اور سرد ہواؤں کے باعث سیاحوں کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، اور صرف تیرہ سو کے قریب افراد گنگا چوٹی پہنچے۔ اس دوران تقریباً اڑھائی سو گاڑیاں اور نوے کے قریب موٹر سائیکلیں علاقے میں داخل ہوئیں۔
گنگا چوٹی گزشتہ چند برسوں سے سیاحوں کے لیے ایک اہم مرکز بن چکی ہے، جہاں نہ صرف مقامی بلکہ ملک کے دیگر حصوں سے بھی لوگ بڑی تعداد میں آتے ہیں۔ تاہم بڑھتے ہوئے سیاحتی دباؤ کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات، ٹریفک مینجمنٹ اور ماحولیاتی تحفظ جیسے مسائل بھی توجہ طلب بنتے جا رہے ہیں، جو متعلقہ اداروں کے لیے ایک اہم چیلنج ہیں۔
Share this content:


