عراقی اور امریکی حکام کا کہنا ہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد سے ایک امریکی فری لانس صحافی کو اغوا کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق مشتبہ اغواکاروں میں سے ایک کا تعلق ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا سے ہے۔
ال مانیٹر نامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ شیلی کٹلسن کو منگل کی شام اغوا کیا گیا تھا۔ وہ ال مانیتر کے لیے خبریں فائل کیا کرتی تھیں۔
عراقی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے رپورٹر کے اغوا کاروں کا تعاقب کیا جس کے نتیجے میں اغوا کاروں میں سے ایک کار الٹ گئی اور ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ایران سے منسلک ملیشیا گروپ کتائب حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو عراقی حکام نے حراست میں لیا ہے۔
اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ برائے گلوبل پبلک افیئر ڈیلن جانسن کٹلسن کا نام لیے بغیر ایک امریکی صحافی کے اغوا کی تصدیق کی ہے۔
انھوں نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا: ’محکمہ خارجہ نے پہلے اس شخص کو ان کے خلاف خطرات سے آگاہ کرنے کا اپنا فرض پورا کیا تھا اور اب ہم ان کی جلد از جلد رہائی کو یقینی بنانے کے لیے ایف بی آئی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔‘
خیال کیا جاتا ہے کہ امریکی حکام نے کِٹلسن سے متعدد بار رابطہ کیا تھا تاکہ انھیں ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا جا سکے۔ ان سے آخری مربہ سوموار کی رات رابطہ کیا گیا تھا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بی بی سی کو ایک بیان میں کہا: ’رازداری اور دیگر تحفظات کی وجہ سے، ہمارے پاس اس وقت دینے کے لیے مزید کوئی معلومات نہیں۔‘
Share this content:


