پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے ہاڑی گہل میں عوامی ایکشن کمیٹی اور انجمن تاجران کے متحرک ممبران نے انتخابی اصلاحات کے موضوع پر ایک اہم آگہی نشست کا انعقاد کیا۔
یہ نشست اصل میں عید ملن پارٹی کے موقع پر ہونا تھی، تاہم شدید بارش اور موسم کی خرابی کے باعث عید ملن پارٹی مؤخر کر دی گئی اور اس کی جگہ انتخابی اصلاحات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
شرکاء نے جمہوریت کے نام پر ہونے والے محاصرہ انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے آزاد اور شفاف انتخابات کا مطالبہ کیا۔ آزاد الیکشن کمیشن کے قیام، شفاف مردم شماری کے لیے نادرا کی طرز پر خود مختار ادارے کے قیام، بیرون ملک کشمیری شہریوں کے ووٹ کے حق اور بین الاقوامی مبصرین کی نگرانی میں انتخابات کرانے جیسے نکات پر تفصیلی بحث ہوئی۔
سوال و جواب کے سیشن میں یہ موقف سامنے آیا کہ سب سے پہلے موجودہ حکومتی سیٹ اپ کو ختم کر کے عبوری سیٹ اپ تشکیل دیا جائے، جس میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی نمائندگی لازمی ہو۔
شرکاء نے کہا کہ عوام نے حکمران طبقات کو مسترد کر کے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس لیے اس کمیٹی کو باہر رکھ کر کوئی بھی انتخابی عمل جمہوری نہیں ہو سکتا۔
Share this content:


