گلگت/ کاشگل نیوز
گورنمنٹ کنڈیکٹرز ایسوسی ایشن گلگت بلتستان اور ضلع گلگت کے عہدیداران سمیت ٹھیکیدار برادری کے نمائندوں نے ایک اہم اجلاس میں حالیہ تیل قیمتوں میں اضافے کے اثرات کا جائزہ لیتے ہوئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام فوری طور پر روکنے کا اعلان کیا۔
پریس ریلیز کے مطابق، ایسوسی ایشن کے صدر بشیر احمد اور ضلع گلگت کے صدر عبدالجلال کی قیادت میں ہونے والے اجلاس میں کہا گیا کہ موجودہ مہنگائی کے باعث پرانے ریٹس پر کام جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔ واضح کیا گیا کہ جو ٹھیکیدار اس فیصلے کے برخلاف کام جاری رکھے گا، وہ تنظیمی حمایت سے محروم ہو جائے گا۔
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ سابقہ ٹینڈرز اور معاہدوں کو منسوخ کیا جائے، مارکیٹ کے مطابق نئے ریٹس مقرر کیے جائیں، اور منصوبوں کو دوبارہ ٹینڈر کیا جائے تاکہ موجودہ حالات میں کام ممکن ہو سکے۔ مزید یہ بھی کہا گیا کہ ایمرجنسی بنیادوں پر دیے گئے کاموں کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔
عبدالجلال نے کہا کہ موجودہ ریٹس پر کام کرنا ٹھیکیدار برادری کے لیے شدید مالی مشکلات کا سبب بن رہا ہے، جس پر فوری نظرثانی ناگزیر ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ پیر کو چیف آفس میں ایک اور اہم اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔ شرکاء نے متفقہ طور پر اجتماعی فیصلوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
Share this content:


