کوٹلی میں طالب علم کے مبینہ زیادتی و ڈوبنے کا افسوسناک واقعہ، تحقیقات جاری

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع کوٹلی میں 7 اپریل کو پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

پولیس کے مطابق وادی نیلم سے تعلق رکھنے والا ایک طالب علم، جواد، کچھ عرصہ قبل سہنسہ کے ایک مدرسے میں زیرِ تعلیم رہا اور بعد ازاں کوٹلی میں تعلیم حاصل کر رہا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے روز جواد کو اس کے دو پرانے ساتھی ملے، جن کے ساتھ وہ پہلے بھی سہنسہ میں تعلیم حاصل کر چکا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق تینوں کو دریا کی جانب جاتے دیکھا گیا۔

پولیس کے مطابق زیرِ حراست دونوں افراد کے بیانات کی روشنی میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دریا کے قریب مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد جواد نہانے کے لیے دریا میں اترا اور مبینہ طور پر ڈوب گیا۔

واقعے کی ایف آئی آر تھانہ سٹی کوٹلی میں درج کر لی گئی ہے جبکہ ریسکیو ٹیمیں لاش کی تلاش میں مصروف ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کی برآمدگی اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی یہ واضح ہو سکے گا کہ آیا کسی قسم کا تشدد بھی ہوا یا نہیں۔

پولیس نے جواد کے ساتھ موجود دونوں افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ایک ملزم کا تعلق پنجیڑہ جبکہ دوسرے کا تعلق کوٹلی شہر سے بتایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب، مقتول کے ورثا نے مظفرآباد سینٹرل پریس کلب کے باہر احتجاج کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات اور فوری انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے اور حقائق سامنے آنے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

Share this content: