تحریر: ذوالفقار علی
آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ خوراک نے سرکاری گندم اور آٹے کی ترسیل کرنے والے ٹھیکیداروں کو جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کی مد میں 43 کروڑ روپے سے زائد کی رقم معاف کر کے واپس کر دی ہے۔ جی ایس ٹی کی مد میں یہ رقم ان کے بلوں سے پہلے ہی کٹوتی کی گئی تھی۔
آزاد کشمیر میں ایسا کوئی قانونی طریقہ موجود نہیں ہے جس کے تحت ٹیکس کی کٹوتی کے بعد اسے معاف یا واپس کیا جا سکے۔محکمہ خوراک کے سیکرٹریٹ سے 15 اپریل 2026 کو جاری ہونے والے حکم نامے کے مطابق، راولپنڈی میں قائم محکمہ خوراک کے ڈائریکٹوریٹ نے جولائی 2022 سے ستمبر 2023 تک 32 ٹھیکیداروں سے جنرل سیلز ٹیکس کی مد میں 35 کروڑ 64 لاکھ 34 ہزار 381 روپے کی کٹوتی کی تھی۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ رقم اب ٹھیکیداروں کو معاف کر دی گئی ہے اور انہیں واپس ادا کی جائے گی۔
اسی طرح محکمہ خوراک کے سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے دو الگ الگ حکم ناموں میں کہا گیا ہے کہ جولائی 2022 سے 30 ستمبر 2023 تک میرپور، پونچھ اور مظفرآباد ڈویژنز میں 70 ٹھیکیداروں کے بلوں سے 7 کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد کی رقم کٹوتی کی گئی تھی، جسے معاف کرتے ہوئے واپس کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق محکمہ خوراک کا یہ فیصلہ محکمہ ان لینڈ ریونیو کی رائے کے برعکس ہے۔ واضح رہے کہ ٹیکس میں چھوٹ یا معافی دینے کا اختیار محکمہ ان لینڈ ریونیو کے پاس ہے، نہ کہ محکمہ خوراک کے پاس۔یہ تفصیلات سامنے آنے کے بعد محکمہ خوراک کی جانب سے جولائی 2019 سے ستمبر 2023 تک ٹھیکیداروں کو جی ایس ٹی کی مد میں مبینہ طور پر ایک ارب روپے سے زیادہ کی رقم معاف کیے جانے کے معاملے پر مزید سوالات اٹھ گئے ہیں۔ حکام کی جانب سے اس معاملے پر تاحال خاموشی ہے، جبکہ ماہرین یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ یہ ٹیکس کس قانون کے تحت واپس کیا گیا۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی نے ٹرانسپورٹیشن کی خدمات پر 16 فیصد جی ایس ٹی عائد کیا تھا، جسے 2022 میں 15 فیصد کر دیا گیا تھا۔ تاہم محکمہ خوراک کا دعویٰ ہے کہ اس کو 21 اکتوبر 2022 کو اس ٹیکس کے بارے میں پہلی بار اس وقت علم ہوا جب اکاؤنٹنٹ جنرل نے اس ٹیکس کی کٹوتی نہ کرنے پر اعتراض کیا۔
محکمہ خوراک کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے مالی سال 2022-2023 کے لیے جون 2022 میں ٹینڈرز طلب کر لیے تھے، لہٰذا محکمہ خوراک نے مالی سال 2022-2023 میں بھی جی ایس ٹی وصول نہیں کیا۔ محکمہ خوراک کا مؤقف اپنی جگہ، لیکن دستاویزات کے مطابق محکمہ خوراک جولائی 2022 سے ٹھیکیداروں سے جی ایس ٹی کی کٹوتی کرتا رہا ہے۔
٭٭٭
Share this content:


