تڑاڑ کھل میں غیر معیاری سبسڈائزڈ آٹے کی ترسیل، شہریوں کا شدید احتجاج

تڑاڑ کھل /کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل تڑاڑ کھل میں سبسڈائزڈ آٹے سے کیڑے نکلنے کے انکشاف کے بعد شہری سراپا احتجاج بن گئے۔

مشتعل مظاہرین نے محکمہ خوراک کے دفتر کا رخ کیا اور مبینہ غفلت و بدانتظامی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مقامی افراد کے مطابق آٹے کے تھیلوں میں کیڑے نکلنے کے واقعات سامنے آنے کے بعد شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا تھا، تاہم احتجاج میں اس وقت مزید شدت آگئی جب یکم مئی کو محکمہ خوراک کے وزیر کی جانب سے ایک بیان سامنے آیا جس میں کہا گیا کہ "کیڑے آٹے میں نہیں بلکہ دماغوں میں ہیں”۔

اس بیان کو شہریوں نے توہین آمیز قرار دیا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ سبسڈائزڈ آٹے کا معیار انتہائی ناقص ہو چکا ہے۔محکمہ خوراک میں کرپشن کھلے عام جاری ہے۔عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی میں مسلسل ناکامی ہو رہی ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آٹے کے معیار کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ دار اہلکاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

یاد رہے کہ مئی 2024 میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کی تحریک کے نتیجے میں پاکستانی کشمیر میں آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی تھی، جسے عوامی ریلیف کے طور پر دیکھا گیا تھا۔ تاہم حالیہ واقعات نے اس نظام کی شفافیت اور مؤثریت پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

تاحال اس معاملے پر محکمہ خوراک یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جا سکتا ہے۔

Share this content: