سیرا ملازمین پانچ ماہ سے تنخواہوں سے محروم، شدید مالی مشکلات کا سامنا

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے محکمہ سیرا، یعنی State Earthquake Rehabilitation and Reconstruction Authority، کے تقریباً 100 ملازمین گزشتہ پانچ ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ اس محکمے کا آغاز 2005 کے تباہ کن زلزے کے بعد وجود میں آیا متاثرہ ملازمین نے حکومت اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ملازمین کے مطابق مسلسل پانچ ماہ سے تنخواہیں بند ہونے کے باعث ان کے گھریلو اخراجات، بچوں کی تعلیم، کرایوں اور یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں بغیر تنخواہ کے گھروں کا نظام چلانا ناممکن ہو چکا ہے جبکہ کئی ملازمین قرض لینے پر مجبور ہیں۔

متاثرہ ملازمین نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے محکمہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں، تاہم تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے معاملے پر حکام کی جانب سے سنجیدہ پیش رفت سامنے نہیں آ رہی۔ ان کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ اداروں اور اعلیٰ حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا مگر تاحال مسئلہ حل نہیں ہو سکا۔

ملازمین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر جلد تنخواہیں جاری نہ کی گئیں تو ان کے لیے معمول کی زندگی گزارنا مزید دشوار ہو جائے گا۔ انہوں نے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر فنڈز جاری کر کے بقایا تنخواہیں ادا کی جائیں تاکہ ملازمین اور ان کے خاندانوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

دوسری جانب محکمہ سیرا یا حکومتی حکام کی جانب سے اس معاملے پر باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آ سکا۔

Share this content: