مظفرآباد/کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں الیکشن کمیشن جموں و کشمیر نے انتخابات 2026 کے لیے صرف 9 سیاسی جماعتوں کو انتخابی عمل میں حصہ لینے کے لیے اہل قرار دے دیا، جبکہ 33 سیاسی جماعتوں کو رجسٹریشن کی شرائط پوری نہ کرنے کے باعث نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ سپریم کورٹ جموں و کشمیر کے احکامات کی روشنی میں کیا گیا۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق الیکشن ایکٹ 2020 کے تحت اب تک صرف 9 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن مکمل ہو سکی ہے۔ رجسٹرڈ جماعتوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس اور جماعت اسلامی جموں و کشمیر شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث جموں و کشمیر، صدائے حق پارٹی جموں و کشمیر، جماعت فلاح انسانیت آزاد جموں و کشمیر، جموں و کشمیر لبریشن لیگ اور جموں و کشمیر پیپلز پارٹی بھی رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں میں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رکنیت کی درخواست 16 مئی کو مسترد کر دی گئی تھی، جس کے بعد پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اعلیٰ عدلیہ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
الیکشن کمیشن ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ متعدد سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن تاحال زیر التواء ہے اور قانونی شرائط پوری نہ ہونے کے باعث عمل سست روی کا شکار ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پارٹی رجسٹریشن کے لیے 2 لاکھ روپے فیس سمیت دیگر قانونی تقاضے پورے کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
Share this content:


