باغ/کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع باغ کے علاقے یو سی راولی کوٹھیاں سلوٹ سے تعلق رکھنے والے محنتی زمیندار سردار محمد کلیم خان نے مشروم کی کامیاب کاشت کر کے علاقے کے دیگر کاشتکاروں کے لیے ایک نئی مثال قائم کر دی۔ جدید زرعی طریقہ کار اور محکمہ زراعت کی رہنمائی کے تحت کی جانے والی یہ کاوش ان کا مشروم کی کاشت کا پہلا تجربہ تھا، جو انتہائی کامیاب ثابت ہوا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ زراعت سرکل ملوٹ ضلع باغ نے سردار محمد کلیم خان کو مشروم کی کاشت کے حوالے سے باقاعدہ تربیت فراہم کی اور کاشت کے آغاز سے لے کر فصل کی تیاری تک ہر مرحلے پر فنی معاونت اور رہنمائی جاری رکھی۔ محکمہ زراعت کی موثر حکمت عملی اور کسان کی محنت کے باعث مشروم کی فصل نہایت عمدہ اور کامیاب رہی۔
اس موقع پر سردار محمد کلیم خان نے اپنی خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ زراعت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر زمیندار روایتی زراعت کے ساتھ جدید اور منافع بخش فصلوں کی جانب توجہ دیں تو کم لاگت اور کم جگہ میں بھی بہتر آمدن حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو بھی مشروم کی کاشت اپنانے کا مشورہ دیا تاکہ وہ باعزت روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشروم کی کاشت ایک آسان اور گھریلو نوعیت کا کاروبار ہے جسے خواتین بھی گھر بیٹھے تھوڑی سی تربیت اور محنت کے ذریعے کامیابی سے چلا سکتی ہیں، جس سے نہ صرف گھریلو آمدن میں اضافہ ممکن ہے بلکہ خواتین معاشی خودمختاری بھی حاصل کر سکتی ہیں۔
ادھر مشروم لیبارٹری محکمہ زراعت مظفرآباد کے انچارج پلانٹ پیتھالوجسٹ جناب حفیظ صاحب کی خدمات کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے، جنہوں نے معیاری مشروم بیج (سپان) کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہر مرحلے پر تکنیکی رہنمائی اور بھرپور تعاون فراہم کیا۔ زرعی ماہرین کے مطابق محکمہ زراعت کی یہ کاوشیں علاقے میں جدید زرعی رجحانات کے فروغ اور زمینداروں کی خوشحالی کے لیے نہایت اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
Share this content:


