حکومتی عدم تعاون، قومی مارشل آرٹس کھلاڑی عاصم ایوان مایوسی کا شکار

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سے تعلق رکھنے والے مارشل آرٹس کھلاڑی عاصم ایوان حکومتی عدم تعاون کے باعث شدید مایوسی کا شکار ہو گئے۔ عاصم ایوان گزشتہ دس برس سے مارشل آرٹس کے میدان سے وابستہ ہیں اور اس دوران قومی و بین الاقوامی سطح پر مختلف مقابلوں میں حصہ لیتے رہے ہیں۔

عاصم ایوان نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور پنجاب میں منعقد ہونے والے متعدد مارشل آرٹس مقابلوں میں گولڈ میڈلز اپنے نام کیے، جبکہ عالمی سطح پر بھی دو مرتبہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مختلف میڈلز حاصل کیے۔ ان کا کہنا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود انہوں نے اپنی محنت اور لگن سے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ خطے اور ملک کا نام بھی روشن کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاصم ایوان نے کہا کہ ایک جاری مارشل آرٹس مقابلے کے دوران ان کا شولڈر فریکچر ہو گیا تھا، جس کے بعد علاج اور آپریشن سمیت تمام طبی اخراجات انہوں نے اپنی جیب سے برداشت کیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مقابلوں میں شریک ہوئے تھے، اس لیے ان کے علاج اور بحالی کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی تھی، تاہم اب تک کسی قسم کی عملی معاونت فراہم نہیں کی گئی۔

عاصم ایوان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی مشکلات سے آگاہ کرنے کے لیے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے بھی ملاقات کی اور مالی و طبی معاونت کی اپیل کی، مگر اس کے باوجود ان کے مسئلے کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑیوں کو مناسب سہولیات، علاج اور سرکاری سرپرستی میسر نہ ہو تو نوجوانوں کا کھیلوں کی جانب رجحان متاثر ہوگا۔ عاصم ایوان نے حکومت، سپورٹس بورڈ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ان کے علاج معالجے اور بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ وہ دوبارہ کھیلوں کے میدان میں ملک و خطے کی نمائندگی کر سکیں۔

Share this content: