40 دن کی جنگ کے دوران دشمن نے ہماری طاقت کا غلط اندازہ لگایا ہے، پاسدارانِ انقلاب

پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر کی جانب ایک حالیہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’40 دن کی جنگ کے دوران دشمن نے ہماری طاقت کا غلط اندازہ لگایا ہے۔‘

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے سیاسی امور کے نگران یداللہ جوانی نے کہا ہے کہ ’ایران کے دشمنوں نے ملک کی صلاحیتوں اور عزم کا اندازہ لگانے میں سنگین غلطی کی، جس کے نتیجے میں ایران پہلے سے زیادہ مضبوط پوزیشن میں آ گیا ہے جبکہ امریکہ کو ناکامی اور کمزوری کا سامنا ہے۔‘

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا سے سنیچر کی شب گفتگو کرتے ہوئے یداللہ جوانی نے کہا کہ ’دشمنوں کا خیال تھا کہ وہ ایران پر جنگ مسلط کر کے جلد کامیابی حاصل کر لیں گے، تاہم ان کا یہ اندازہ غلط ثابت ہوا۔‘

ارنا کے مطابق یداللہ جوانی نے کہا کہ ’امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جارحیت کا آغاز فضائی حملوں سے ہوا، جن میں اعلیٰ ایرانی حکام اور فوجی کمانڈروں کو نشانہ بنایا گیا۔‘

جوانی کے مطابق اس کے ’جواب میں ایرانی مسلح افواج نے اسرائیل کے زیرِ قبضہ علاقوں اور خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر میزائل اور ڈرون حملے کیے۔‘

انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’دشمنوں کے بنیادی مقاصد ایران کی جوہری صلاحیتوں کو تباہ کرنا، اس کے میزائل دفاعی نظام کو ختم کرنا اور بالآخر اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کا خاتمہ تھا۔‘

پاسدارانِ انقلاب کے عہدیدار نے کہا کہ ’یہ تمام اہداف ناکام ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں خطے میں طاقت کا توازن ایران کے حق میں تبدیل ہو گیا ہے۔‘

علاقائی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’ایران اب آبنائے ہرمز پر مؤثر برتری رکھتا ہے اور اسے ایسا مقام حاصل ہو چکا ہے جو ان کے بقول ’ایرانی عوام کا جائز حق‘ ہے۔

Share this content: