اسلام آباد/کاشگل نیوز
پاکستان سے پاکستان زیر انتظام جموں و کشمیر جانے والے مرکزی راستے، براستہ مری کوہالہ، پر پھگواڑی کے مقام پر قائم پولیس ناکے کے انچارج ایس ایچ او ارشد عباسی پر بھتہ خوری کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
باوثوق ذرائع کے مطابق جموں و کشمیر جانے والی اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری سامان لے جانے والی گاڑیوں سے مبینہ طور پر بھاری رقوم وصول کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سبزی سے لدی ایک گاڑی سے تقریباً پچاس ہزار روپے جبکہ دیگر کھانے پینے کی اشیاء، گیس اور ضروری سامان لے جانے والی گاڑیوں سے ایک لاکھ روپے تک بطور بھتہ وصول کیا جاتا ہے۔
ذرائع نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ یہ عمل روزانہ کی بنیاد پر معمول بن چکا ہے اور مبینہ طور پر رقم کی ادائیگی کے بعد ہی گاڑیوں کو آگے جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔
سامان کی ترسیل سے وابستہ ٹرانسپورٹرز اور متاثرہ افراد نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس، ڈپٹی کمشنر مری، ایس پی مری اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ اگر اس مبینہ بھتہ خوری کا سلسلہ نہ روکا گیا تو پاکستان زیر انتظام جموں و کشمیر میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی اور قیمتوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ مذکورہ الزامات متعلقہ ذرائع اور ٹرانسپورٹرز کی جانب سے عائد کیے گئے ہیں۔
Share this content:


