کشمیر میں پہیہ جام، شٹر ڈاؤن اور احتجاجی دھرنا اکیسویں روز میں داخل،خوراک کی ترسیل و انٹرنیٹ ہنوز معطل

راولاکوٹ / کاشگل نیوز

پاکستان زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں پہیہ جام، شٹر ڈاؤن اور احتجاجی دھرنا اکیسویں روز بھی جاری رہا، جبکہ انٹرنیٹ کی مسلسل بندش کو پچیس دن مکمل ہو گئے ہیں۔ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے زیرِ اہتمام جاری احتجاج میں شریک افراد کے حوصلے اور جوش و جذبے میں کمی نہ آ سکی۔

احتجاجی شرکاء کا کہنا ہے کہ انتظامیہ، سکیورٹی فورسز اور حکومتی اداروں کی جانب سے مبینہ تشدد، گرفتاریوں، زدوکوب اور خاندانوں کو ہراساں کیے جانے کے باوجود عوام اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں اور دھرنا بدستور جاری رہے گا۔

دوسری جانب پاکستان سے آنے والے تمام داخلی راستوں پر اشیائے خوردونوش اور ادویات کی ترسیل تاحال معطل ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں ضروری اشیاء کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے انٹرنیٹ بحالی اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو فوری یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال عوامی مشکلات میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج، شٹر ڈاؤن اور دھرنا جاری رکھا جائے گا۔

Share this content: