پاکستان کے شہر کراچی میں گذشتہ دنوں لیفٹ آرگنائزنگ پاکستان کے ساتھیوں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس کی صدارت کامریڈ وسیم نے کی۔
لیفٹ آرگنائزنگ پاکستان کے سیکرٹری قمر عباس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیس کے مطابق اجلاس میں سنٹرل کمیٹی کے ساتھیوں اور کراچی کمیٹی سے بہادر خٹک سباون بنگش مصطفی کامریڈ ، کامریڈ دانیال اور کراچی کمیٹی کے اراکین نے بھرپور شرکت کی اور مختلف تنظیمی و سیاسی امور پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے اپنا اپنا مؤقف پیش کیا۔
اجلاس میں متفقہ طور پر کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کی جدوجہد سے مکمل یکجہتی اور بھرپور تعاون کا اعلان کیا گیا۔
شرکاء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ لیفٹ آرگنائزنگ پاکستان ہر اس عوامی تحریک کی حمایت جاری رکھے گی جو محنت کش عوام کے جمہوری، معاشی اور بنیادی حقوق کے لیے برسرِ پیکار ہے۔
اجلاس میں کامریڈ شوکت میر کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ انہیں فوری اور بلاشرط رہا کیا جائے۔ شرکاء نے اس گرفتاری کو جمہوری اور سیاسی آزادیوں پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے عوامی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا۔
اجلاس میں مزدور یونینوں میں طبقاتی سیاست کو مزید منظم انداز میں فروغ دینے اور محنت کش طبقے میں سیاسی شعور بیدار کرنے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ یہ کمیٹی مختلف صنعتی اداروں اور مزدور تنظیموں میں رابطہ، تنظیم سازی اور طبقاتی سیاست کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دے گی۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ لیفٹ آرگنائزنگ پاکستان محنت کش عوام، کسانوں، طلبہ اور تمام مظلوم طبقات کے حقوق کی جدوجہد کو مزید منظم اور مؤثر انداز میں آگے بڑھائے گی۔
Share this content:


