انقلابی کمیونسٹ پارٹی نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے شجاع آباد میں جاری دھرنے پر پاکستانی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ، کریک ڈاؤن اور حالیہ ہلاکتوں پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس ریاستی جبر کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
پارٹی نے پوٹھی مکوالاں اور کوٹیڑی والے دھرنے پر موجود نہتے محنت کش کشمیریوں پر ہونے والے تشدد کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے "ایک کا دکھ، سب کا دکھ” کے عزم کے ساتھ عوامی ایکشن کمیٹی کشمیر سے مکمل اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ بروز جمعرات کی صبح سکیورٹی فورسز نے باغ کی جانب سے راولاکوٹ شہر میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی، تاہم دھرنے کے شرکاء کی جانب سے راستہ نہ دینے پر کشیدگی پیدا ہوئی اور فورسز کی فائرنگ و کریک ڈاؤن کے نتیجے میں واجد صدیق (سکنہ شجاع آباد)، ناصر نذیر (سکنہ ماکھیالہ) اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مصطفی رحیم (سکنہ بھاٹا سنگھڑ جنوبی باغ) سمیت ہلاکتوں کی تعداد 3 ہو چکی ہے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔
عوامی مزاحمت کے باعث فورسز راولاکوٹ شہر میں داخل نہ ہو سکیں اور انہیں واپس جانا پڑا۔
انقلابی کمیونسٹ پارٹی نے اپنے آفیشل بیان میں موقف اختیار کیا ہے کہ حکمران طبقہ اور ان کا یہ نظام محنت کش عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ اسی لیے کشمیر کی محنت کش عوام کو اس ظالمانہ نظام کے خلاف جدوجہد کو تیز کرنا ہوگا اور اقتدار پر قبضہ کرتے ہوئے اپنے مسائل کو خود حل کرنا ہوگا۔
پارٹی نے کشمیری عوام کے نام پیغام دیتے ہوئے کہاکہ ہم کشمیر کے محنت کش عوام کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اس مشکل گھڑی میں وہ بالکل بھی اکیلے نہیں ہیں اور ہم یہ اعادہ کرتے ہیں کہ ان کی جدوجہد کا پیغام پاکستان کے طول و عرض میں بسنے والے نوجوان طلبہ و محنت کش عوام تک لے کے جائیں گے۔
بیان کے اختتام پر پارٹی نے اپنے روایتی نظریاتی نعرے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے محنت کشو ایک ہو جاؤ۔
Share this content:


