باغ/ کاشگل نیوز
پاکستان زیر انتظام کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے لانگ مارچ کے شرکاء اور فورسز کے درمیان کشیدگی برقرار ہے ، فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
باغ سے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر ہزاروں افراد پر مشتمل عوامی قافلہ مظفرآباد کی جانب روانہ ہو گیا۔ مارچ کے شرکاء کے مطابق، شرقی باغ کے قافلے پر قادرآباد کے مقام پر دوپہر کے بعد وقفے وقفے سے فائرنگ اور شیلنگ کی گئی۔
شرکاء کا دعویٰ ہے کہ فائرنگ اور شیلنگ کے باوجود قافلہ اپنی منزل کی جانب پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے اور بڑی تعداد میں نہتے افراد لانگ مارچ میں شریک ہیں۔
دوسری جانب، وسطی باغ سے آنے والے قافلے کے شرکاء نے بھی الزام عائد کیا ہے کہ نعمان پورہ کے مقام پر ان پر شدید شیلنگ اور فائرنگ کی گئی۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ تمام تر حالات کے باوجود وہ لانگ مارچ جاری رکھے ہوئے ہیں اور اپنے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک متعلقہ حکام یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ان دعوؤں پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، جبکہ جانی یا مالی نقصان کی آزاد ذرائع سے تصدیق بھی نہیں ہو سکی۔
Share this content:


