ارجہ منگبجری: ایف سی کا گھر پر چھاپہ، رحمان ڈار زیرِ حراست، بچی پر تشدد

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے ارجہ منگبجری، ماجر کیمپ میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) نے ایک گھر پر چھاپہ مار کر عوامی ایکشن کمیٹی کے فعال رکن رحمان ڈار کو حراست میں لے لیا ہے۔

پیش آمدہ واقعے کے بعد علاقے میں شدید تشویش اور کشیدگی پھیل گئی ہے۔

ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق چھاپے کے دوران مقامی سطح پر سہولت کاری بھی کی گئی۔ گرفتاری کے وقت جب رحمان ڈار کی تقریباً 10 سالہ بچی اپنے والد کو بچانے کے لیے آگے بڑھی تو ایف سی اہلکار نے اس کے سر پر ڈنڈا مارا، جس کے نتیجے میں معصوم بچی شدید زخمی ہو گئی۔

واقعے کے فوراً بعد جب مقامی لوگوں نے کارروائی پر مزاحمت کرنے اور گرفتاری روکنے کی کوشش کی تو اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ شروع کر دی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس دوران فورسز رحمان ڈار کو گھسیٹتے ہوئے اپنے ساتھ لے گئیں۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ رحمان ڈار اور ان کے بیٹے اشتیاق ڈار نے جاری عوامی تحریک اور ایکشن کمیٹی کے لیے نمایاں خدمات اور قربانیاں دی ہیں۔ سردار امان صاحب کے حالیہ کامیاب جلسے کے انعقاد اور دیگر انتظامات میں بھی ان کا اہم کردار تھا۔

واقعے کے بعد مقامی شہریوں اور ایکشن کمیٹی کے کارکنوں نے فورسز کے اس رویے، چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی اور کمسن بچی پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

Share this content: