ن لیگ کے 2 نومنتخب ارکان اسمبلی پر سنگین الزامات، سیاسی تنازع شدت اختیار کر گیا

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب رکن اسمبلی برائے حلقہ LA-4 میرپور رخسار احمد کے حوالے سے برطانوی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی رپورٹس نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق رخسار احمد کو جولائی 2024 میں برطانیہ میں بچوں سے مبینہ جنسی زیادتی اور انسانی اسمگلنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

برطانوی اخبار The Guardian کے مطابق انہیں گزشتہ ماہ پولیس کے سامنے پیش ہونا تھا لیکن انہوں نے بیماری کا عذر پیش کرتے ہوئے حاضری نہیں دی۔ برطانوی پولیس کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم تاحال ان پر فردِ جرم عائد نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی عدالت نے انہیں مجرم قرار دیا ہے۔

دوسری جانب حلقہ 5 کھاوڑہ مظفرآباد سے مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب رکن راجہ ثاقب مجید کے بارے میں عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے ماضی میں یہ الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ وہ 29 ستمبر 2025 کے واقعے میں کمیٹی کے کارکنوں پر فائرنگ اور ایک کارکن کے قتل میں ملوث تھے۔ تاہم ان الزامات پر کسی عدالتی فیصلے کی تصدیق سامنے نہیں آئی، اور راجہ ثاقب مجید کی جانب سے بھی ان الزامات کی تردید یا مؤقف مختلف مواقع پر سامنے آتا رہا ہے۔

Share this content: