پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران سابق اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق سمیت متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں خواجہ فاروق احمد کی رہائش گاہ پر پولیس نے چھاپہ مار کر انھیں اور متعدد پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔
ڈی ایس پی اشتیاق گیلانی نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کارروائی کے دوران پی ٹی آئی سے وابستہ 12 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق پولیس کارروائی کے دوران خواجہ فاروق احمد سمیت اجلاس میں شریک متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پی ٹی آئی کے مطابق کارروائی اس وقت کی گئی جب خواجہ فاروق احمد کی رہائش گاہ پر 27 ستمبر کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے دی گئی احتجاج اور اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال کے حوالے سے مشاورتی اجلاس جاری تھا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل میر عتیق نے بتایا کہ سابق اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد سمیت تقریباً 15 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے خواجہ فاروق احمد کی رہائش گاہ پر جاری مشاورتی اجلاس کے دوران گرفتاریوں کی مذمت کی۔
خواجہ فاروق احمد نے 27 ستمبر کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے دی گئی لانگ مارچ کی کال کے سلسلے میں اپنی رہائش گاہ پر حلقہ تین مظفر آباد کے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کا مشاورتی اجلاس طلب کیا تھا۔
خواجہ فاروق احمد کی رہائش گاہ لوئر پلیٹ، مظفرآباد میں واقع ہے پی ٹی آئی کے مطابق وہاں اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایس پی کی سربراہی میں تین ایس ایچ اوز سمیت درجنوں پولیس اہلکار پہنچے اور کارروائی کی گئی۔
Share this content:


