پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کےجنوبی باغ کے یونین کونسل ٹوپی، شہید آباد میں تحریک کے شہید واجد صدیق شہید کے نام سے منسوب ایک رضاکارانہ سکول قائم کر دیا گیا ہے، جہاں بچوں کو عارضی مدت کے لیے تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
منتظمین کے مطابق پاکستانی کشمیر میں تعلیمی اداروں کی بندش اور دیگر انتظامی مسائل کے باعث بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض شہروں میں تعلیمی اداروں کی عمارتیں دیگر مقاصد کے لیے استعمال ہو رہی ہیں، جبکہ متعدد تعلیمی ادارے انتظامیہ کی جانب سے بند یا سیل کیے گئے ہیں۔
منتظمین کا مؤقف ہے کہ موجودہ صورتحال میں بچوں کے تعلیمی حرج کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی ایجوکیشنل کمیٹیز کے زیرِ اہتمام مختلف علاقوں میں رضاکارانہ اور عبوری سکول قائم کیے جا رہے ہیں۔
شہید آباد میں قائم کیے گئے سکول کو بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا گیا ہے۔ منتظمین کے مطابق اس اقدام کا مقصد بچوں کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنا اور تعلیمی سرگرمیوں میں پیدا ہونے والے تعطل کو کم کرنا ہے۔
عوامی ایجوکیشنل کمیٹیز کا کہنا ہے کہ رضاکارانہ سکول عبوری مدت کے لیے قائم کیے گئے ہیں اور ان میں مقامی سطح پر رضاکارانہ طور پر تدریسی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔
Share this content:


