پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے 22 ویں منتخب صدر ڈاکٹر محمد نجیب نقی کون ہیں؟

رپورٹ: فرحان طارق

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے 22 ویں منتخب صدر ڈاکٹر محمد نجیب نقی کا شمار خطے کی برسرِ اقتدار اور متحرک سیاسی شخصیات میں ہوتا ہے۔ ان کا تعلق ضلع سدھنوتی سے ہے۔ وہ ایک معروف سیاسی گھرانے کے چشم و چراغ ہیں؛ ان کے والد کرنل (ر) محمد نقی خان 1985ء میں منتخب ہونے والی قانون ساز اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔

صدارتی انتخاب میں شاندار کامیابی

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے 22 ویں صدارتی انتخابات میں ڈاکٹر محمد نجیب نقی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا اور 32 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ ان کے مقابلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر کو 13 ووٹ ملے۔

انتخابی ہسٹری اور سیاسی سفر (1990ء تا 2026ء)

ڈاکٹر محمد نجیب نقی نے 1990ء سے اب تک مجموعی طور پر 8 بار عام انتخابات میں حصہ لیا، جن میں سے وہ 5 مرتبہ کامیاب رہے جبکہ 3 بار انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا انتخابی سفر درج ذیل ہے:

1990ء (چوتھے عام انتخابات): 21 مئی 1990ء کو انہوں نے آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر حلقہ ایل اے-21 پونچھ-5 سے پہلی بار الیکشن لڑا اور 8,425 ووٹ حاصل کیے، تاہم پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار محمد حسین (9,237 ووٹ) سے شکست کھا گئے۔

1991ء (پانچویں عام انتخابات): 29 جون 1991ء کو انہوں نے اسی حلقے سے دوبارہ مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑا اور 12,399 ووٹ حاصل کر کے پی پی پی کے سردار محمد حسین کو شکست دے کر پہلی بار اسمبلی کے رکن بنے۔

1996ء (چھٹے عام انتخابات): 30 جون 1996ء کو انہوں نے ایل اے-20 پونچھ-4 سے مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر 12,385 ووٹ لے کر دوسری بار کامیابی حاصل کی۔

2001ء (ساتویں عام انتخابات): 5 جولائی 2001ء کو انہوں نے ایل اے-21 سے الیکشن لڑا لیکن 10,468 ووٹ حاصل کر سکے، جبکہ پی پی پی کے امیدوار سردار محمد حسین خان 11,693 ووٹ لے کر کامیاب رہے۔

2006ء (آٹھویں عام انتخابات): انہوں نے آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے 21,423 ووٹ حاصل کر کے ایک بار پھر شاندار کامیابی حاصل کی۔

2011ء (نویں عام انتخابات): 26 جون 2011ء کو انہوں نے مسلم کانفرنس کو خیرباد کہہ کر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی اور ایل اے-21 پونچھ-5 سے 17,278 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔

2016ء (دسویں عام انتخابات): 21 جولائی 2016ء کو ن لیگ کے پلیٹ فارم سے انہوں نے ریکارڈ 26,221 ووٹ حاصل کیے اور مسلسل تیسری بار کامیا ب ہوئے۔

2021ء (گیارہویں عام انتخابات): 25 جولائی 2021ء کو ایل اے-23 پونچھ و سدھنوتی-6 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے طور پر 19,926 ووٹ حاصل کیے، لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار سردار محمد حسین خان (22,863 ووٹ) سے شکست کھا گئے۔

2026ء (بارہویں عام انتخابات): سال 2026ء کے مرحلہ وار عام انتخابات کے دوران ڈاکٹر نجیب نقی کے حلقے سمیت ضلع راولاکوٹ اور ضلع سدھنوتی کے 7 حلقوں میں فی الحال انتخابات منعقد نہیں ہو سکے ہیں۔

Share this content: