اسلام آباد/کاشگل نیوز
گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم کی قائم کردہ ذیلی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین اور قائدِ حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی حافظ حفیظ الرحمن نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں گلگت بلتستان کو درپیش سیاسی، آئینی، قانونی اور معاشی مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کے حل کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ شرکاء نے گلگت بلتستان کے عوام کو مؤثر سیاسی و معاشی حقوق کی فراہمی، قومی دھارے میں خطے کی بھرپور شرکت اور پائیدار ترقی کے لیے قابلِ عمل اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی قومی دھارے میں مؤثر اور باوقار شرکت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت، گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
اجلاس میں گلگت بلتستان کی معاشی و مالیاتی ضروریات کے علاوہ توانائی، سیاحت، قدرتی وسائل، ریونیو، رابطہ کاری اور دیگر اہم امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران گلگت بلتستان کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے مشاورت کو مزید مؤثر بنانے اور قابلِ عمل تجاویز کی تیاری پر بھی زور دیا گیا۔
Share this content:


