گلگت/ کاشگل نیوز
سابق وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) گلگت بلتستان کے کارکنان کو موجودہ سیاسی صورتحال کے پیشِ نظر محتاط رہنے اور اپنی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ایک بیان میں خالد خورشید نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان اپنی لوکیشن تبدیل کریں اور خود کو محفوظ رکھیں، جبکہ بہت جلد مرکز کی جانب سے لانگ مارچ کے حوالے سے حتمی ہدایات جاری کر دی جائیں گی۔
سابق وزیرِ اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ گلگت بلتستان، بالخصوص ضلع گلگت اور دیگر اضلاع میں پی ٹی آئی کارکنان کے گھروں پر رات کے اوقات میں مبینہ طور پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ کارکنان کے اہلِ خانہ کو بھی ہراساں کیا جا رہا ہے، جو انتہائی تشویشناک امر ہے۔
خالد خورشید نے حالیہ انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کو انتخابات سے باہر رکھا گیا تاکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں خود کو جمہوری جماعتیں قرار دیتی ہیں، تاہم ان کے بقول عملی طور پر یہ جمہوریت کے لیے ’’میر جعفر اور میر صادق‘‘ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
سابق وزیرِ اعلیٰ نے گلگت بلتستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت سے عوام کے حقوق کے تحفظ کی کوئی امید نہیں۔ ان کے بقول حکمران اقتدار کے لیے اپنے ضمیر کا سودا کر چکے ہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی کارکنان پر زور دیا کہ وہ موجودہ صورتحال میں سیاسی سرگرمیوں کے دوران احتیاط برتیں اور پارٹی کی مرکزی قیادت کی جانب سے آئندہ ہدایات کا انتظار کریں۔
Share this content:


