گلگت: پی ٹی آئی رہنما علی تاج کے گھر پولیس کاچھاپہ

گلگت/کاشگل نیوز

پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان علی تاج نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس کی ایک ٹیم نے خواتین اہلکاروں کے ہمراہ رات کے وقت اوشکھنداس میں ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور مبینہ طور پر گھر کے پچھلے حصے سے دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوئی۔

علی تاج کے مطابق واقعے کے وقت وہ گھر پر موجود نہیں تھے اور انہیں کارروائی کی اطلاع اہل خانہ نے دی۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے اہل خانہ کو کوئی عدالتی وارنٹ نہیں دکھایا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ہفتے بھی پولیس کی ایک بڑی نفری ان کے گھر پہنچی تھی۔ انہوں نے گلگت بلتستان پولیس کو ایک باوقار ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پولیس کی اعلیٰ روایات اور اقدار کا احترام کرتے ہیں، تاہم رات کے وقت اس انداز میں گھر پر کارروائی افسوس ناک ہے۔

علی تاج کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ ڈھائی سال سے انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت اپنے خلاف درج مقدمات میں متعلقہ عدالتوں کے سامنے باقاعدگی سے پیش ہوتے رہے ہیں اور ان کے بقول وہ کسی بھی عدالتی سماعت سے غیر حاضر نہیں ہوئے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے خلاف اس نوعیت کی کارروائی ان کی سیاسی وابستگی اور پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے صوبائی ترجمان کی حیثیت سے کی جا رہی ہے۔

علی تاج نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین سے واقعے کا نوٹس لینے، پولیس کارروائی کی وجوہات معلوم کرنے اور معاملے کی وضاحت طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Share this content: