باغ: ریڑھ میں فورسز اور مظاہرین کے درمیان شدید شیلنگ و فائرنگ، ایک شخص زخمی

رپورٹ: فرحان طارق

پاکستان زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے ضلع باغ کے علاقے ریڑھ میں فورسز اور مظاہرین کے درمیان شدید شیلنگ اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ سے ایک شخص بازو میں گولی لگنے کے باعث زخمی ہوگیا، جسے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال باغ منتقل کردیا گیا، جبکہ شیلنگ کے باعث متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے قافلے مختلف راستوں سے ریڑھ بازار کی جانب بڑھ رہے ہیں، جبکہ مظاہرین کو شہر میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے فورسز کی جانب سے شیلنگ اور فائرنگ کی جارہی ہے۔

مقامی اطلاعات کے مطابق ریڑھ میں صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے اور شہر میں بکتر بند گاڑیوں کی موجودگی کے دوران فائرنگ اور شیلنگ کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ جمعے کی نماز کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے احتجاجی پروگرام طے تھا، تاہم اطلاعات کے مطابق مختلف راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے لوگوں کو شہر میں داخل ہونے سے روکا جارہا ہے۔

دوسری جانب مظاہرین کی جانب سے رکاوٹوں کے باوجود ریڑھ بازار کی طرف پیش قدمی جاری ہے، جس کے باعث علاقے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

خبر کی تیاری کے وقت تک زخمیوں کی حتمی تعداد، فائرنگ کے واقعات کی مکمل تفصیلات اور انتظامیہ کا باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آسکا تھا۔ صورتحال سے متعلق مزید تفصیلات موصول ہونے پر خبر اپ ڈیٹ کی جائے گی۔

Share this content: