ایچ آر سی پی کے حقائق جاننے والے مشن کا گلگت پریس کلب کا دورہ، انسانی حقوق صورتحال پر بریفنگ

گلگت / کاشگل نیوز

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) کے چھ رکنی حقائق جاننے والے مشن نے گلگت پریس کلب کا دورہ کیا، جہاں صحافیوں نے وفد کو گلگت بلتستان میں آزادیٔ اظہار، پریس کی آزادی، حقِ رسائی معلومات اور ڈیجیٹل حقوق سمیت صحافیوں کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔

ایچ آر سی پی کے وفد میں سینئر ممبر کونسل حسین نقی، ممبر کونسل سعدیہ بخاری، ممبر کونسل وزیر مظفر حسین، سینئر منیجر ریسرچ اینڈ پبلیکیشن ماہین پراچہ، ریجنل کوآرڈینیٹر گلگت بلتستان اسرار الدین اسرار اور کمپلینٹ آفیسر ظہیرہ سراج شامل تھے۔

گلگت پریس کلب پہنچنے پر سینئر نائب صدر سعادت علی اور فنانس سیکرٹری سید شیر عباس نے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سینئر صحافی منظر شگری، امتیاز علی تاج، جہانگیر ناجی، شیرین کریم، ذوہیب اختر اور شاہد حسین حیدری بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران صحافیوں نے وفد کو گلگت بلتستان میں آزادیٔ اظہارِ رائے، حقِ رسائی معلومات (RTI)، پریس کی آزادی، ڈیجیٹل حقوق، انٹرنیٹ کی بندش اور دیگر مسائل، صحافیوں کی پیشہ ورانہ مشکلات، سیفٹی و سیکیورٹی اور مجموعی انسانی حقوق کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

صحافیوں نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ خطے میں آزادانہ صحافت کے فروغ، معلومات تک عوام کی رسائی اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

ایچ آر سی پی کے وفد نے صحافیوں کے خیالات اور تجربات کو غور سے سنا اور انسانی حقوق کے تحفظ و فروغ کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دورے کو گلگت بلتستان میں صحافتی آزادی، انسانی حقوق اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے زمینی حقائق جاننے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا گیا۔

Share this content: