جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پونچھ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ کمیٹی کی جدوجہد اقتدار میں حصہ لینے یا کسی سے مقابلے کے لیے نہیں، بلکہ عوام کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور ان کی ضمانت یقینی بنانے کے لیے ہے۔ سستی بجلی، سستا آٹا، معیاری تعلیم، صحت، علاج معالجے، صاف پانی اور خستہ حال سڑکوں کی تعمیر و مرمت عوام کا بنیادی حق اور حکومت کی ذمہ داری ہے۔
کوٹھیاں کے مقام پر جنوبی باغ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پونچھ کے رہنماؤں امجد لطیف، عمران سجاق، امتیاز رحمت، اظہر رشید اور دیگر نے کہا کہ عوام نے اپنے جائز حقوق کا مطالبہ کیا تو حکمرانوں نے فورسز بھیج کر نہتے شہریوں پر گولیاں برسائیں، جس کے نتیجے میں معصوم شہری شہید ہوئے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عوام اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے پُرامن جدوجہد کر رہے ہیں اور جب تک چارٹر آف ڈیمانڈ میں شامل تسلیم شدہ مطالبات پر عمل درآمد نہیں ہوتا، احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور شہریوں کو اپنے حقوق کے لیے حکمرانوں سے سوال کرنا چاہیے۔ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا مقصد عوامی مسائل کا حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے، نہ کہ حکومت میں حصہ لینا یا کسی کے ساتھ مقابلہ کرنا۔
Share this content:


