انڈین مسلح افواج کی پریس بریفنگ میں 12 مئی کو آپریشن سندور کے حوالے سے کہا گیا کہ انڈیا کے مضبوط فضائی دفاعی نظام نے پاکستان کے کئی ڈرونز اور میزائل حملے ناکام بنائے۔
ڈائریکٹر جنرل آف ایئر آپریشنز ایئر مارشل اے کے بھارتی نے کہا کہ فضائی دفاعی نظام ملک کے لیے دیوار کی طرح کھڑا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’فضائی دفاعی نظام ملک کے لیے دیوار کی طرح کھڑا تھا اور دشمن کے لیے اس میں گھسنا ناممکن تھا۔‘
ایئر مارشل اے کے بھارتی نے کہا کہ انڈیا کے فضائی دفاعی نظام نے پاکستان کی طرف سے لانچ کیے گئے ڈرون اور دیگر ہتھیاروں کو مار گرایا۔
اس دوران ایئر مارشل اے کے بھارتی نے چینی ساختہ میزائل پی ایل 15 کا بھی ذکر کیا۔ کچھ تصاویر دکھاتے ہوئے انھوں نے دعویٰ کیا کہ یہ پرزے ’چینی میزائل پی ایل 15 کے ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ انڈیا پر پاکستان کے حملے میں استعمال ہونے والا پی ایل 15 میزائل اپنے ہدف تک پہنچنے میں ناکام ہوا۔
خیال رہے کہ پاکستانی حکام نے اپنی کارروائیوں میں چینی جے 10 سی طیارے استعمال کرنے کی تصدیق کی تھی جن پر دفاعی ماہرین کے مطابق پی ایل 15 میزائل نصب ہوتے ہیں۔
گذشتہ روز پاکستانی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انڈیا میں عسکری تنصیبات پر میزائل حملے کامیاب ہوئے تھے۔ پاکستان نے تین رفال سمیت پانچ انڈین طیارے گرانے کا بھی دعویٰ کر رکھا ہے۔
ایئر مارشل اے کے بھارتی نے کہا کہ ’ہماری لڑائی دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف تھی۔ اسی لیے 7 مئی کو ہم نے صرف دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا۔‘
’لیکن بدقسمتی سے پاکستانی فوج نے دہشت گردوں کی حمایت کرنا مناسب سمجھا اور اس لڑائی کو اپنی لڑائی بنا لیا۔ اس صورتحال میں ہماری جوابی کارروائی انتہائی ضروری تھی اور اس میں انھیں جو بھی نقصان ہوا اس کے ذمہ دار وہ خود ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ہم نے ترک ساختہ ڈرونز بھی مار گرا ئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’ہماری سبھی فوجی تنصیبات اور سسٹم پوری طرح کام کر رہے ہیں اور ضرورت پڑنے پر اپنے آئندہ مشن کے لیے تیار ہیں۔‘
اے کے بھارتی کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر انڈیا اور پاکستان کے کتنے جنگی جہازوں اور ڈرونز وغیرہ نے اس میں حصہ لیا، اس طرح کے آپریشنل تفصیلات کے بارے میں نہیں بتایا جا سکتا اور نہ اس کی وضاحت کی جا سکتی ہے۔
Post Comment