باغ: ہیلپ ان نیڈ کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی

باغ ( کاشگل نیوز)

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے ضلع باغ میں” ہیلپ ان نیڈ” نامی فلاحی تنظیم کی سرگرمیوں پر ضلع بھر میں پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر باغ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق عید الاضحی کے موقع پر ہیلپ ان نیڈ نامی فلاحی تنظیم کی جانب سے باغ میں ڈونرز کے پیسوں سے اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں متعدد جانوروں کے بیمار اور کمزور ہونے کی خبریں اور تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں۔

محکمہ لائیو اسٹاک نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فلاحی تنظیم کی طرف سے لائے گئے جانوروں کا طبی معائنہ کیا۔ معائنے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ قربانی کے لیے لائے گئے جانوروں میں سے متعدد جانور کمزور ، لاغر اور بیمار ہیں۔ محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے ان جانوروں کی نشاندھی کی گئی اور ان کو زبح کرنے سے منع کیا گیا۔

بعد ازاں ان کمزور ، لاغر اور لمپی سکن نامی بیماری سے متاثرہ جانوروں کو ذبح کرکے ان کا گوشت لوگوں میں تقسیم کر دیا گیا۔ جس کے بعد بیماریاں پھیلنے کا خطرہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر باغ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فلاحی تنظیم کی تمام سرگرمیوں پر ضلع بھر میں پابندی عائد کر دی اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

Share this content: