جموں کشمیر کی سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت سے حاضر سروس سیشن جج گرفتار

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی سپریم کورٹ نے حاضر سروس سیشن جج راجہ امتیاز احمد کو توہین عدالت کے جرم میں تین دن قید کی سزا سناتے ہوئے کمرہ عدالت سے گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ سپریم کورٹ کے فل بینچ نے، چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی سربراہی میں بدھ کے روز یہ فیصلہ سنایا۔

راجہ امتیاز احمد پر الزام تھا کہ انھوں نے سپریم کورٹ کے واضح حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک منشیات فروشی کے ملزم کو ضمانت پر رہا کیا، اور عدالتی وقار کو مجروح کیا۔

عدالت کے مطابق انھوں نے عدالتی حکم عدولی، دروغ گوئی اور مس کنڈکٹ کا ارتکاب کیا۔ توہین عدالت کا یہ مقدمہ ضلع حویلی کہوٹہ میں منشیات ایکٹ کے تحت درج کیس سے شروع ہوا، جس میں ایک ملزم راجہ دلاور خان کو ہیروئن کی بھاری مقدار رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ملزم کی درخواستِ ضمانت ابتدائی عدالت، ہائی کورٹ اور بعد ازاں سپریم کورٹ نے بھی مسترد کر دی تھی۔

سپریم کورٹ نے 19 جنوری 2023 کو اپنے فیصلے میں واضح ہدایت دی تھیں کہ مقدمے کا فیصلہ چھ ماہ کے اندر کیا جائے، اور اگر دوران سماعت کوئی نیا مواد سامنے آئے تو ملزم دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کرے۔

تاہم، صرف ایک ماہ بعد، 16 فروری 2023 کو راجہ امتیاز احمد، جو اس وقت سپیشل جج انسدادِ منشیات عدالت حویلی میں تعینات تھے نے ملزم کو بری کر دیا۔ بریت کے بعد ملزم بیرون ملک فرار ہو گئے جبکہ مقدمے کی اپیل ہائی کورٹ میں زیر سماعت تھی اور سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی موجود تھا۔

دورانِ سماعت جب سپریم کورٹ میں راجہ امتیاز احمد سے اس بریت کے فیصلے کے متعلق پوچھا گیا تو انھوں نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی فیصلہ انھوں نے جاری نہیں کیا۔ تاہم عدالتی ریکارڈ سے ان کا جاری کردہ فیصلہ برآمد ہو گیا۔ اس کے بعد سپریم کورٹ نے راجہ امتیاز کو معطل کرتے ہوئے ان کے خلاف انکوائری کا حکم دیا اور ان کے تمام سابقہ فیصلوں، بالخصوص مظفرآباد، پلندری اور حویلی میں منشیات سے متعلق مقدمات کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔

ایک ماہ کی انکوائری کے بعد بدھ کے روز عدالت نے قرار دیا کہ راجہ امتیاز نے توہین عدالت کی، سپریم کورٹ کے احکامات کو چیلنج کیا اور عدالت میں غلط بیانی کر کے ادارے کے وقار کو مجروح کیا۔ عدالت نے فوری طور پر انھیں تین دن قید کی سزا سناتے ہوئے کمرہ عدالت سے گرفتار کرنے کا حکم دیا۔

Share this content: