مظفرآباد ( کاشگل نیوز)
پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) مظفرآباد نے مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی یومیہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یکم جون سے 10 جولائی 2025 تک آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں اور طوفانی موسم کے باعث متعدد علاقوں میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔
9 جولائی 2025 کو ہونے والی طوفانی بارش کے نتیجے میں ضلع سدھنوتی کی تحصیل پلندری کے گاؤں پینٹھل میں ایک مکان جزوی طور پر متاثر ہوا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم اس واقعہ نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں، کیونکہ کئی دیہاتی علاقوں میں نکاسی آب اور حفاظتی بندوبست ناکافی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کے دوران اب تک 2 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں ایک مرد ضلع کوٹلی اور ایک خاتون شامل ہیں۔
جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے، جن میں 2 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔ زخمی افراد کو مختلف مقامی اسپتالوں میں طبی امداد دی گئی۔
مون سون کی بارشوں سے 40 مکانات متاثر ہوئے، جن میں سے 3 مکمل طور پر تباہ جبکہ 37 کو جزوی نقصان پہنچا۔
سب سے زیادہ نقصان ضلع جہلم ویلی میں رپورٹ کیا گیا جہاں 2 مکانات مکمل اور 26 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
ضلع سدھنوتی میں 2 مکانات مکمل اور 5 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے، جبکہ ضلع مظفرآباد میں بھی 3 مکانات متاثر ہوئے۔
بارشوں کے دوران 6 دکانیں متاثر ہوئیں، جن میں سے بیشتر کا تعلق جہلم ویلی سے ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شدید بارشوں کے دوران 3 مویشی بھی ہلاک ہوئے، جبکہ دیگر نقصانات میں3 گاڑیاں، 1 موٹر سائیکل تباہ1 گھاٹ کو نقصان اور تقریباً 1.5 کلومیٹر سڑک کو نقصان پہنچا۔
Share this content:


