راولپنڈی( کاشگل نیوز)
پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے علاقے چہلہ بانڈی مظفرآباد کے رہائشی عثمان کی بیوی کو راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی کے فوجی کالونی میں جرگے کے حکم پر قتل کردیا گیا ہے۔
جرگے کے حکم پر نو بیاہتہ دلہن کے قتل کے بعد دولہا کے والد نے اپنے بیٹے کو مبادہ قتل کے خدشے کے پیش نظر لے کر تھانے پہنچ گیا اور پولیس کو حفاظتی حراست کی درخواست دیدی ہے ۔
مظفرآباد کے رہائشی عثمان جو پیرودھائی میں مکینک کا کام کرتا ہے نے گزشتہ مہینے فوجی کالونی کی رہائشی لڑکی سے نکاح کیا ۔
عثمان کے والد نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ مہینے عثمان کے ساتھ ایک لڑکی ہمارے گھر آئی ۔ اس نے بتایا کہ میرا والد فوت ہو گیا ہے اور میری والدہ نے میرے چچا کے ساتھ شادی کر لی ہے ۔ میرا چچا میری شادی ایک عمر رسیدہ شخص سے زبردستی کرنا چاہتا ہے ۔ میں اس کے ساتھ شادی نہیں کروں گی ۔ میں عثمان کے ساتھ شادی کروں گی ۔
والد کا کہنا تھا میں عثمان کو اور لڑکی کو لے کر مظفرآباد مجسٹریٹ کے سامنے لے گیا جہاں اس نے بیان قلمبند کروایا اور اس کے بعد ہم نے دونوں کا نکاح کروایا ۔
چند دن پہلے لڑکی کے ورثاء ہمارے گھر آ پہنچے اور کہا کہ جو ہو گیا سو ہو گیا اب ہم باعزت طریقے سے رخصتی کریں گے آپ لڑکی کو ہمارے ساتھ بھیجیں ۔ میں نے لڑکی سے اجازت لے کر اسے ورثاء کے ساتھ بھیجا ۔ کل مجھے خبر ملی ہے کہ لڑکی کو ایک جرگے کے حکم پر قتل کر دیا گیاہے ۔
اب میں خوفزدہ ہوں کہ وہ میرے بیٹے کو قتل کریں گے ۔
عثمان کے والد نے نکاح نامہ اور لڑکی کے عدالتی بیان کی کاپی پولیس کو پیش کر دی۔
Share this content:


