مظفرآباد (کاشگل نیوز)
پاکستان کے زیر انتظام جموں کے دارلحکومت مظفرآبادمیں گیس سلنڈر کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف انتظامیہ نے کریک ڈاؤن کرکے متعدد دوکانیں سیل کردیں۔
شہر بھر میں اوگرا کی مقررہ قیمت سے زائد نرخوں پر گھریلو اور کمرشل گیس سلنڈر فروخت کرنے والوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد غلام محی الدین کی قیادت میں خصوصی ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں میں اچانک چھاپے مارے، قیمتوں کی خلاف ورزی پر متعدد دوکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ کئی دوکانداروں کو موقع پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیس سلنڈر کی قیمتوں میں من مانی اور عوام کو لوٹنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ اوگرا کی جانب سے گھریلو سلنڈر کی جو قیمت مقرر کی گئی ہے، اس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ بعض دوکاندار مصنوعی قلت پیدا کر کے مہنگے داموں سلنڈر فروخت کر رہے ہیں، جس سے غریب اور متوسط طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔ ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔چھاپے کے دوران مختلف مارکیٹوں، گیس ایجنسیوں اور چھوٹے دکانداروں کا معائنہ کیا گیا، جہاں سے مہنگے داموں فروخت، ناپ تول میں کمی اور ذخیرہ اندوزی کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔ کئی مقامات پر ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا، اور سلنڈر اسٹاک کی جانچ بھی کی گئی۔
شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں تاکہ ناجائز منافع خوری کا مستقل خاتمہ ہو اور عوام کو ریلیف میسر آ سکے۔
Share this content:


