قومی اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے … سرفراز نگری

سرفراز نگری (چیئرمین قراقرم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن )

گلگلت بلتستان کی قومی شناخت اور حقوق کی جدوجہد میں سب سے بڑی ضرورت قومی اتحاد کی ہے۔ قابض قوتیں ہمیشہ اس کوشش میں رہی ہیں کہ گلگت بلتستان کو فرقہ واریت، قبائلی، لسانی اور ذاتی مفادات کی بنیاد پر تقسیم کر کے کمزور کیا جائے۔ لیکن تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ جب گلگلت بلتستان کے عوام ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جاتے ہیں تو کوئی طاقت ان کے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتی ہے۔

قومی اتحاد صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ عملی حکمتِ عملی ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی، مزاحمتی اور فکری دھارے ذاتی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر قومی مفاد کو ترجیح دیں۔ قومی شناخت اور حقوق کی تحریک کا کوئی بھی حصہ اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتا جب تک وہ پورے گلگت بلتستان کے اجتماعی مستقبل کو سامنے نہ رکھے۔

مستقبل کی سمت طے کرنے کے لیے ضروری ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے حقِ خودارادیت پر قائم رہیں، اپنی شناخت، ثقافت اور وسائل پر مکمل اختیار حاصل کرنے کی جدوجہد جاری رکھیں، اور ظالم جابر اور قابض قوتوں کو باور کرائیں کہ گلگت بلتستان کا مقدمہ انصاف، آزادی اور انسانیت کا ہے۔

گلگلت بلتستان کے عوام کا اتحاد اس بات کی ضمانت ہے کہ ہماری آنے والی نسلیں غلامی کی زنجیروں میں نہیں بلکہ آزاد فضاؤں میں سانس لیں گے۔

٭٭٭

Share this content: