راولاکوٹ (کاشگل نیوز)
پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں کشمیر کے علاقے پونچھ راولاکوٹ میں 13 اور 14 اگست کو پاکستانی پرچم کی مبینہ بے حرمتی کے الزام میں گرفتار نوجوانوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔
راولاکوٹ میں طلبہ سڑکوں پر نکل آئے اور تین گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر گرفتار شدگان کو رہا نہ کیا گیا تو کچہری چوک میں بھوک ہڑتال شروع کر دی جائے گی۔
دوسری جانب صدر انجمن تاجران راولاکوٹ سردار افتخار فیروز نے گزشتہ روز اعلان کیا ہے کہ 30 اگست کو قوم پرست جماعتوں کی کال پر شہر میں شٹر ڈاؤن کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ قوم پرست جماعتوں نے واضح کیا تھا کہ اگر اسیران کو غیر مشروط طور پر رہا نہ کیا گیا تو 30 اگست سے پونچھ ڈویژن کے تمام داخلی و خارجی راستے غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی ایک اہم اجلاس کرنے جا رہی ہے جس میں قوم پرست جماعتوں کے ساتھ مل کر احتجاجی لائحہ عمل طے کیے جانے کے امکانات موجود ہیں۔
Share this content:


