گلگت بلتستان: عوامی ورکرز پارٹی رہنما ئوں کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان کے جنرل سیکرٹری شیرنادر شاہی نے پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ یاسین کے مختلف گاؤں برکولتی سلپی، شغیتن، طاؤس چشمہ، داپس اور نلتی تھوئی کا تفصیلی دورہ کیا۔

اس دوران انہوں نے عوامی ورکرز پارٹی کی طرف سے سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی اور ساٹھ سے زائد متاثرین کے طلبہ و طالبات میں ماہانہ فیسوں کی مد میں نقد رقم تقسیم کیا۔

اس دوران متاثرین سے بات کرتے ہوئے عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان کے جنرل سیکرٹری و سابق امیدوار جی بی اے یاسین سمال شیرنادر شاہی نے کہا کہ عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان اس مشکل گھڑی متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور متاثرین کی مکمل بحالی تک ہر محاز پر متاثرین کے حقوق کی جنگ لڑے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں سیلاب نے گلگت بلتستان بالخصوص ضلع غذر میں تباہی مچا دی ہے جس کے نتیجے میں سینکڑوں گھرانے بے گھر اور درجنوں افراد لقمہ اجل بنے، سینکڑوں افراد کے پھلدار و غیر پھلدار درخت ، کھڑی فصلیں، ہزاروں ایکڑ اراضیات مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں ایسے میں ہماری پارٹی متاثرین کی بحالی کے لئے ہر ممکن تعاون کرنے کی یقین دہانی کراتی ہےاور متاثرین کی بحالی کے لئے ان سےایک قدم آگے بڑھ کر عملی جدو جہد کرنے پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی نے ممبران کے فیسوں اور چندے سمیت ڈونیشنزکے ذریعے سے رقم اکھٹا کرکے متاثرین سے ہمدردی کے لئے آپ کے بچوں تعلیمی مسائل اور مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے فیسوں کی مد میں امداد بھیجی ہے جس کا واحد مقصد آپ کے بچوں کے مستقبل کو روشن بنانا ہے انشاء اللہ ہماری پارٹی آپ کے بچوں کی بہتر مستقبل کے لئے ہرممکن کوشش جاری رکھے گی۔

انہوں نے آخر میں حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ کٹھ پتلی حکومت متاثرین کی بحالی میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے جو کہ قابل مذمت ہے ۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ متاثرین کو معاوضے ادا کرے اور جو متاثرین بے یارو مدد گار آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور ہے ان کےلئے گھر، معاوضے، اور بنیادی ضروریات خوراک، ادویات، پانی، بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

اس دوران بات کرتے ہوئے برکولتی سیلاب متاثرین کمیٹی کے ممبر زیب عالم، سماجی شخصیت نصرت بروشالی، متاثرین بحالی کمیٹی داپس کے رہنما قبول شاہ اور ایڈوکیٹ آصف نے متاثرین کی طرف سے عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان اور ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ورکرز پارٹی اور ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ نے متاثرین کے لئےجو امداد بھیجا ہے ہم اس کے لئے ان کے مشکور ہیں اور امید کرتے ہیں کہ پارٹی اپنے سابق روایات کو برقرار رکھتے ہوئے متاثرین کی بحالی کے لئے جدو جہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے پارٹی کے جنرل سیکرٹری شیرنادر شاہی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا شیرنادر شاہی ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں انہوں نے عوامی حقوق کے لئے ڈھائی ماہ جیل کے سلاخوں کے پیچھے رہے اور رہا ہوتے ہی سیلاب متاثرین کے سے شامی بشانہ کھڑے رہیں ہم بھی آئندہ پارٹی کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔

Share this content: