باغ: جعلی عامل اور پیروں کیخلاف کریک ڈائون شروع ، ایک گرفتار

باغ(کاشگل نیوز)

پاکستان کے زیرانتظام مقبوضہ جموں و کشمیر باغ میں جعلی عاملوںاور بلیک میلر پیروں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ۔

حالیہ کارروائی میں پولیس نے ننگہ پانی (نڑیولہ) کے رہائشی قاری سفیر نامی جعلی پیر کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا ہے۔

ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔

قاری سفیر خواتین کو روحانی مسائل کے حل کا جھانسہ دے کر نہ صرف ہراساں کرتا رہا بلکہ انہیں بلیک میل کرنے کی وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے۔

انکشاف ہوا ہے کہ ملزم اس سے قبل بھی کئی خواتین کو اپنی جعلسازی کا نشانہ بنا چکا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی طرح کشمیر میں بھی جعلی عاملوں اور پیروں کا دھندہ عروج پر ہے، جو مذہب اور روحانیت کے نام پر نہ جانے کتنی عزتیں پامال کر چکے ہیں۔

عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کوئی شخص اس طرح کی مکروہ حرکتوں کی جرات نہ کرسکے۔

Share this content: