نیلم ( کاشگل نیوز)
پاکستان کے زیر انتظام مقبوضہ جموں وکشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی تاجروں کے مسائل پر بات کرسکتی ہے لیکن ان کے پاس یہ اختیار بالکل نہیں کہ وہ جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں مہاجرین مقیم پاکستان کی نشستوں کے خاتمے کی بات کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہاجرین کی نشستیں کسی صورت ختم نہیں ہوسکتیں۔
نیلم کے دورے کے موقع پر صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سب سے مقدس ایوان ہے، اس کی نشستوں کا فیصلہ کرنے کا اختیار صرف اسی ایوان کو ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ایوان میں جانے والے نمائندے قانون سازی کرتے ہیں اور یہ بات بھی قابل وضاحت ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی اسمبلی میں بھی جموں وکشمیر کے لیے نشستیں موجود ہیں جو خالی ہیں، جبکہ وہ صوبائی اسمبلی ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ مہاجرین کی شناخت کسی صورت ختم نہیں کی جاسکتی۔ سوال کرنے والوں کو سوچنا چاہیے کہ ان کے پاس ایسا مطالبہ کرنے کا مینڈیٹ ہے؟تاجر تجارت کے حوالے سے بات کرسکتے ہیں، لیکن جموں وکشمیر حکومت اور قانون ساز اسمبلی کے حوالے سے بات کرنے کا اختیار کسی اور کو نہیں ہے۔
وادی نیلم میں 3 روزہ دورے کے دوران مجھے لوگوں نے بہت پیار دیا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا کہ کس حلقے سے الیکشن لڑوں گا۔
Share this content:


